پشاور، پولیس کا ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ایکشن، اشیائے خوردو نوش برآمد

ویب ڈیسک: کیپٹل سٹی پولیس پشاور قیام امن اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھی سرگرم ہو گئی ہے.ذرائع کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں زخیرہ کی گئی چینی، گھی اور دیگر اشیائے خوردونوش سمیت یوریا کھاد بھی برآمد کرلی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری نرخ کو یقینی بنانے اور مزید قانونی چارہ جوئی کی خاطر برآمد کی گئی اشیاء کو ضلعی انتظامیہ کے حوالے کرنے کیلئے رابطہ کیا گیا ہے۔ خفیہ معلومات ملنے پر ڈی ایس پی پشتخرہ کی ہدایت پر سربند پولیس نے علاقے کی حدود میں واقع گودام سے بھاری مقدار میں زخیرہ برآمد کرلیا اور دوران کارروائی بھاری مقدار میں یوریا کھاد، گھی اور چینی بھی برآمد کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق برآمد شدہ سامان میں 140عدد سونا یوریا کھاد، 55 ہزار کلوگرام گھی اور بھاری مقدار میں چینی شامل ہے۔
ایس پی کینٹ ڈویژن وقاص رفیق نے اس حوالے سے بتایا کہ ذخیرہ اندوزوں نے غیر قانونی طریقے سے گودام میں گھی ، سونا یوریا اور چینی ذخیرہ کر رکھی تھی، ان کیخلاف کارروائی جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں:  چین میں بارش سے ہائی وے کا حصہ بہہ گیا،36افراد ہلاک