خشک میوں کا بادشاہ بادام

بادام اکثریت کی پسند ہوتے ہیں، یہ ایک ایسا غذائیت سے بھرپور میوہ ہے، جسے تمام میوہ جات کے بادشاہ ہونے کی حیثیت حاصل ہے۔ بادام اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور میوہ ہے، جس میں چینی کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہے۔ بادام کے مغز میں32سے 40فیصد تک روغنی اجزا کے علاوہ غذائی پروٹین، آئرن، فاسفورس اور کیلشیم کی وافرمقدار موجود ہوتی ہے۔ قدرت نے بادام میں وٹامن A، Bاور Eکی خصوصیات فراخدلی سے مہیا کی ہیں، ایک سو گرام بادام کی غذائی صلاحیت 665کیلوریز ہے۔ یہ غذائی اجزا جسم کو صحت مند اور شخصیت کو خوبصورت بناتے ہیں۔ بادام بیماریوں سے لڑنے کی طاقت پیدا کرنے کے علاوہ جِلد کو خوبصورت، ہڈیوں کو مضبوط، نظر کی کمزوری اور نزلے زکام کی شکایت دور کرتے ہیں۔ آسٹریلیاکے ماہرین صحت نے کہاہے کہ روزانہ بادام اور اخروٹ کا استعمال ذیابطیس کے خطرے کو کم کرتاہے۔ ماہرین بچوں کے لیے نہار منہ 7جبکہ بڑوں کےلیے4بادام کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق کڑوا بادام استعمال نہ کیا جائے کیونکہ یہ آنکھ کی بیماری کا سبب بنتا ہے۔