گورنر غلام علی کی پشاورکی بے لوث خدمت پرتاج پوشی

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کی ملک بھر بالخصوص صوبہ بھر کی بزنس کمیونٹی، صوبے کے چیمبرز، پشاور شہر کی تاریخی و تعمیری ترقی اور پشاور شہر کے عوام کی 40سالہ بے لوث خدمت کے اعتراف میں ان کی تاج پوشی کی ایک پر وقار تقریب پشاور کے ایک مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صوبہ کی بزنس کمیونٹی، تاجر تنظیموں، آرٹسٹ، اقلیتی برادری سمیت تمام مکاتب فکر نے متفقہ طور پر ان کی تاج پوشی کی اور گورنر غلام علی کو بطور گورنر ، بحیثیت کونسلر، ناظم، سینیٹر، صدر فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، 51 ملکوں پر مشتمل اسلامی چیمبر آف کامرس اور 8 ملکوں پر مشتمل سارک چیمبر پر شاندار خدمات پر تاج پہنایا گیا۔
اس سے قبل غلام علی کو شاندار خدمات پر حکومت پاکستان نے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔ تاجپوشی تقریب میں میئر پشاور حاجی زبیر علی، سابق نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل، صدر مردان چیمبرآف کامرس طاہر شاہ، صدر سوات چیمبرآف کامرس راحت علی خان، صدر ایبٹ آباد چیمبر عبدالرشید، صدر نوشہرہ چیمبر زر عالم خان، چیئرمین اے پی سی ای اے منہاج باچا، معمور خان، صدر باجوڑ چیمبر آف کامرس حاجی لعلی شاہ، صدر بزنس کمیونٹی خیبرپختونخوا ملک مہر الٰہی، چیئرمین انجمن تاجران شوکت علی، حاجی جلیل جان، پشاور سمیت صوبہ بھر کی منتخب بلدیاتی نمائندوں سمیت بزنس کمیونٹی، مختلف چیمبرز کے صدور، ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں اور کثیرتعداد میں عوام نے شرکت کی۔
گلبہار پشاور میں تاج پوشی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے ملک مہر الٰہی، سید صفدر زمان شاہ، شوکت علی، ریاض خٹک اور صوبہ کے دیگر چیمبر کے صدور، بزنس کمیونٹی کے مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے صوبہ اور بالخصوص ملک بھر کی بزنس کمیونٹی، چیمبرز اور پشاور کی تعمیروترقی پر ان کے شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر گورنرنے کہا کہ وہ پشاور کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔ پشاور کی ترقی کو اپنا فرض سمجھا، پشاور کے عوام، بزنس کمیونٹی اور صوبہ بھر کی تاجر برادری، چیمبرز نے ہماری حوصلہ افزائی کی اور یہی وجہ ہے کہ ان کے خلوص، محبت نے ہمیں طاقت و قوت عطاء کی اور ہم نے اس شہر پشاور کی تاریخی خدمت کی جس کا سہرا میرا نہیں بلکہ اہلیان پشاور کے سرہے۔گورنرنے کہاکہ ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے امپورٹڈ اشیاء سے کچھ عرصہ پرہیز کرنا ہو گا، ملکی معیشت مستحکم کرنے کیلئے اپنے وسائل پر توجہ دینا ہو گی۔ صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے تمام مشکلات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔بانی و چیئرمین الپشاوری ایسوسی ایشن سہیل اسد اور دیگر آرٹسٹوں نے کہا کہ گورنر غلام علی نے عوام کی خدمت کے ساتھ آرٹسٹوں کی خدمت میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ میں معمولی تنازعے پر فائرنگ کا تبادلہ ،2افراد جاں بحق