باچا خان چوک مردہ مرغیوں کی آماجگاہ، ایک اور گروہ بے نقاب

ویب ڈیسک: پشاور کا باچا خان چوک مردہ مرغیوں کی فراہمی کا گڑھ بن چکا ہے جبکہ آئے روز محکمہ خوراک کے چھاپے بھی محض معمول کی کارروائی تک محدود ہیں گزشتہ روز محکمہ خوراک نے مردہ مرغیوں کو سپلائی کرنیوالا گروہ بے نقاب کر کے 380 مرغیاں قبضے میں لیکر ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کو اطلاع ملی کہ باچا خان چوک سے بڑی تعداد میں مردہ مرغیوں کو سپلائی کیا جا رہا ہے جس پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ’ کمال احمد اور فوڈ گرین سپروائزر طیب انور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں کو سپلائی کرنیوالی گاڑی کا تعاقب کیا اور ملزم کو گرفتار کر کے 380 مرغیاں قبضے میں لیکر ملزم کو جیل بھیج دیا۔
مذکورہ ڈیلرز مردہ مرغیوں کو صاف کر کے بعد ازاں مہنگے داموں بیچنے سمیت مختلف شادی ہالز اور ریسٹورانٹس میں سپلائی کرتے ہیں۔ اس سے قبل درجنوں بار اسی بازار سے مردہ مرغیوں کی سپلائی چھاپہ مار کر ناکام بنائی گئی ہے تاہم چند کارروائیاں ناکام ہونے کے بعد درجنوں مرتبہ مردہ مرغیوں کی سپلائی کامیاب ہوتی ہے جس کے باعث پشاو رکے شہری مردہ مرغیوں کا گوشت کھاتے ہیں ۔

مزید پڑھیں:  ترکیہ کا عالمی عدالت میں اسرائیل کیخلاف فریق بننے کا فیصلہ