قومی کرکٹرز سے پیسے لینے والے سندھ پولیس کے 4 اہلکار معطل

ویب ڈیسک: آئی جی سندھ کا قومی کرکٹرز سے پیسے لینے والوں کیخلاف بھرپور ایکشن، 4 اہلکاروں کو معطل کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین سے سندھ پولیس کے 4 اہلکاروں کے پیسے لینے کے معاملے پر آئی جی سندھ کے احکامات کی روشنی میں کارروائی کرتے ہوئے چاروں اہلکاروں کو پابند سلاسل کر دیا گیا۔
قومی کرکٹرز سے پیسے لینے کے معاملے پر ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد نے انکوائری رپورٹ بھی مرتب کر لی۔
اس حوالے سے ایس ایس پی حیدر رضا کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹر صہیب مقصود سے مبینہ طور پر رقم لینے کا واقعہ نواب شاہ میں پیش آیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رقم لینے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ عامر یامین اور صہیب مقصود نے سوشل میڈیا پر سندھ پولیس کی جانب سے رشوت طلب کرنے کی داستان بیان کی تھی۔ ان کی جانب سے شیئر بیان پر پولیس حکام نے بھرپور ایکشن لیتے ہوئے مرکزی کردار گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیئے.

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو ہراکر دوسری فتح حاصل کرلی