خبر کی تردید

وفاقی وزیراطلاعات کی گلگت بلتستان کے حوالے سے خبر کی تردید

ویب ڈیسک: نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پر موجود گلگت بلتستان کے حوالے سے خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دیدیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ یہ خبر کسی اخبار میں شائع نہیں ہوئی جو لوگ مذموم مقاصد کے لیے یہ جعلی خبر پھیلا رہے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اس سے پہلے وزارت اطلاعات کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیکٹ چیکر‘ نے سوشل میڈیا پر موجود خبر ’گلگت بلتستان 50سال کے لیے چین کو دینے پر غور‘ کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانا نہ صرف غیر اخلاقی اور غیرقانونی ہے بلکہ قوم کی توہین بھی ہے، ایسے غیرذمہ دارانہ روئیے کو مسترد کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور گوشواروں میں غلط بیانی پر طلب