آرمی چیف

سوشل میڈیا پر مایوسی کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے:آرمی چیف

جھوٹی خبروں سے تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ریاست وجودکھو رہی ہے، کلمہ کے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان‘قوم کے تعاون سے مافیا کی سرکوبی کریں گے
ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے ، جھوٹی خبروں سے تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ریاست وجودکھوتی جا رہی ہے، قوم کے ساتھ مل کر ہر قسم کے مافیا کی سرکوبی کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیشنل فارمرز کنوینشن سے خطاب کے دوران جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں ، آپ کو پتہ ہونا چاہئے کہ کلمہ کے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان‘قوم کے تعاون سے مافیا کی سرکوبی کریں گے ۔
علاوہ ازیں جنرل عاصم منیر نے کہا کہ زراعت اور مویشی بانی تقریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے، کیونکہ اس پیشے میں ڈسپلن، تکلیف، نمو، اور صبر شامل ہیں، جن کے نتیجے میں بے تحاشہ انعامات ملتے ہیں۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس، گلیشیر، دریا، پہاڑ، اور زرخیز زمین ہے جس سے دنیا کا بہترین چاول، کینو اور آم جیسے پھل، گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے خزانے موجود ہیں۔
60 کی دہائی میں پاکستان ایشیا کا تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، لیکن ہم نے قائداعظم کے تین زریں اصولوں ‘ ایمان، اتحاد، تنظیم کو بھلا دیا، جس کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہوئے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد یہی ہے کہ ہمیں سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جائے گا جبکہ باقی حصہ کسانوں اور زرعی ریسرچ کے لیے رکھا جائے گا، فوج کا اِس میں رول صرف عوام اور کسانوں کی خدمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں زرعی مالز Agriculture Malls کا انعقاد کیا جائے گا جہاں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی، آسان زرعی قرضوں، کولڈ سٹوریج کی چین، موسمیاتی تبدیلی کے تاثرات سے محفوظ بیج اور جینیٹیکلی انجینئر ڈ لائیو سٹاک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، میاں افتخار حسین عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر منتخب