ملاکنڈر اور ضم اضلاع میں حصول ٹیکس کی تیاری

ملاکنڈ ڈویژن اور ضم اضلاع میں کیپرا کا دائرہ کار وسیع کرنے، کیپرا اور ایکسائز کے دفاتر کھولنے کے اقدامات، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور مزید وسیع علاقے اور آبادی سے پہلی مرتبہ ٹیکس وصولی کے حوالے سے حوصلہ افزاء قدم ہوگا جو ملک و قوم کی ضرورت اور صوبے کے وسیع تر مفاد کا تقاضہ ہے ،کیپرا کے حوالے سے یہ شکایت عام ہے کہ اس کا نا تجربہ کار عملہ انجانے میں یا جان بوجھ کر غیر حقیقت پسندانہ رقم کے نوٹس کا اجراء کرتا ہے جس کا گفت و شنید میں دفاع کرنا تو درکنار الٹا مضحکہ خیز مؤقف اختیار کرنے کی نوبت آتی ہے دیگر سرکاری محکموں کے حوالے سے تو پھر بھی گنجائش موجود ہے سی پیک کے منصوبوں کو بھی مضحکہ خیز نوٹسز کا اجراء قابل افسوس امر ہے جس کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے،کیپرا جس بھی منصوبے اور کاروبار کو نوٹس جاری کرے وہ ہر طرح سے قانون اور ضابطوں کے مطابق ہو اور جب کوئی نوٹس وصول کنندہ جنہوں نے خاص طور پر ماہرین کی خدمات لی ہوتی ہیں ان کے سوالوں اور اعتراضات کا مدلل جواب اور ٹیکس کی رقم کو قانون کے مطابق ثابت کرنے میں دشواری اور ناکامی کی نوبت نہیں آنی چاہیے ایسا اسی وقت ہی ممکن ہوسکے گا جب نوٹسز کا اجراء پوری تیاری سے کیا جائے،محکمے کو اس طرح کی خفت کا سامنا کرنے سے بچانے کا تقاضہ ہے کہ ملازمین کی تربیت کی جائے اور خاص طور پر محولہ اضلاع کے فیلڈ آفسزمیں جو عملہ متعین کیا جائے وہ تجربہ کار اور کام سے واقف ہو تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کر سکے، اسی طرح محکمہ ایکسائز کو بھی عملی اقدامات میں محولہ اغلاط اور تساہل کو مدنظر رکھ کر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ جہاں لوگوں کو پہلی مرتبہ ٹیکس دینا پڑ رہا ہے اور وہ کسی حد تک مزاہم بھی ہیں تو وہاں بطریق احسن کام ہو اور محکم و ٹیکس دہندگان دونوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید پڑھیں:  سکول کی ہنگامی تعمیرنو کی جائے