الیکشن 2024ء، بانی پی ٹی آئی سمیت اہم رہنماوں کے کاغذات مسترد

ویب ڈیسک: الیکشن 2024ء کیلئے کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ ملک بھر میں جاری ہے۔ اس دوران سب سے بڑا اپ سیٹ دیکھا جا رہا ہے کہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے سرکردہ رہنماوں بشمول بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
ذرائع کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ الیکشن 2024ء کیلئَے جمع کرائے پی ٹی آئی رہنماوں کے کاغذات پر مختلف قسم کے اعتراضات لگائے گئَے تھے۔
بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 لاہور اور این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی اعتراض لگا کر مسترد کر دیے گئے۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں نااہلی جبکہ ڈیفالٹر اور سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔
منڈی بہاوالدین کے حلقہ این اے 69 سے صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الہیٰ ، مونس الہیٰ اور چودھری پرویز الہیٰ کی اہلیہ قیصرہ الہیٰ کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کے این اے 64 اور پی پی 32 سے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے صاحبزادے زین قریشی کے این اے 214 سے کاغذات مسترد کئے گئے۔ اس حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ نامزدگی فارم مختلف کیسز میں عدم پیشی کے باعث مسترد کیے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار حسنین بہادر خان کے حلقہ پی پی 294 سے، سابق وفاقی وزیر علی محمد خان کے این اے 23 پر جمع کرائے کاغذات بھی اعتراض لگا کر مسترد کر دیئے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے این اے 4، فضل حکیم کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 6، سیلم الرحمان کے این اے 3، امجد علی کے پی کے5 ، میاں شرافت علی کے پی کے 3، این اے 166 سے کنول شوذب، قصور کے حلقہ این اے 131 سے مہر محمد سلیم کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔
حلقہ این اے 168 بہاولپور سے سابق صوبائی وزیر سمیع اللہ چودھری، کے کاغزات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔
این اے 241 کراچی سے خرم شیر زمان، این اے 230 سے مسرور علی اور این اے 235 سے سیف الرحمان کے کاغذات مسترد، پی ایس 86 سے راشد نواز، این اے 236، این اے 248 سے فردوس شمیم، این اے 236 سے حلیم عادل شیخ، نظام الدین برکی، فضا ذیشان، عالمگیر خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
ان کے علاوہ صوبائی اسمبلی کیلئے بھی پی ٹی آئی کے رہنماوں کے کاغذات مسترد کر دیئے گئے ہیں ان میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور علی محمد خان کے نام سرفہرست ہیں۔
این اے 57 سے شیخ رشید احمد اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے گئے۔

مزید پڑھیں:  ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کاآپریشن،جج اغوا میں ملوث 3دہشتگردہلاک