طلبہ ہمارا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں، نگران وزیر اعلیٰ سید ارشد حسین شاہ

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خِبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے صوابی میں کرنل شیر خان شہید کیڈٹ کالج کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا کیڈٹ کالج میں منعقدہ یوم والدین تقریب سے خطاب کرتے ہوَئے کہنا تھا کہ طلبہ ہمارا مستقبل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرنل شیر خان کیڈٹ کالج کی یوم والدین کی تقریب میں شرکت میرے لئے خوشی کا باعث ہے، اس کالج نے ملک کے لیے شہید کی قربانی، انکی بہادری اور نام کو زندہ رکھا ہوا ہے۔
ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ دشمن بھی کرنل شیر خان کی بہادری کے معترف ہیں، شہید نے اپنی جان کی قربانی دے کر خود کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔
نگران وزیر اعلیٰ خِبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ مختصر عرصے میں کرنل شیر خان کیڈٹ کالج نے بہت کامیابیاں حاصل کیں۔ آج بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ طلبہ ہمارا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں، اپنی تمام توجہ تعلیم پر مرکوز کریں اور ایک لمحہ بھی ضائع نہ کریں۔
نگراں وزیر اعلیٰ کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ طلبہ اپنے اساتذہ اور محسنوں کو کبھی نہ بھولیں، ایک انسان کی شخصیت بنانے میں انکا کردار بنیادی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشحال خیبر پختونخوا پروگرام کے تحت ہر برائی کے خلاف اقدامات شامل ہیں، 5 لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ کروا کر بیرون ممالک روزگار کے لیے بھیجیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ خِبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک نے 2 لاکھ لوگوں کو روزگار کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

مزید پڑھیں:  دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کردیاگیا