ٹائم سنٹر آتشزدگی، 14 گھنٹے بعد قابو پالیا گیاا، 200 دکانیں خاکستر

ویب ڈیسک: صوبائی دارالھکومت پشاور صدر میں موبائل پلازے ٹائم سنٹر آتشزدگی پر 14 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔ ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر سے امدادی ٹیموں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا، اب عمارت کی کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق اس وقت عمارت سے صرف دھواں اٹھ رہا ہے، دھواں نکالنے کےلئے مختلف اینگلز سے قریبی عمارتوں سے راستے بنائے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آگ کے دباؤ اور دھواں کو نکالنے کے لیے سموک ایجکٹرز سمیت مختلف طریقے اپنائے جارہے ہیں۔
ذراَئع کا کہنا ہے کہ ٹائم سینٹر میں لگنے والی آگ 200 دکانیں جل گئیں جن میں پڑا کروڑوں کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔
اس حوالے سے جاری آپریشن کے دوران ٹائم سینٹر میں پھنسے 4 افراد کو بھی نکال لیا گیا۔
یاد رہے کہ سینٹر میں 130 سے زیادہ فائرفائٹرز اور 26 فائرویکلز، 4 واٹر بروزرز، 4 ایمبولینسز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف رہے جب کہ آگ بجھانے کے لیے پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور خیبر سے فائر ویکلز اور فائر فائٹرز طلب کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق پشاور صدر میں واقع ٹائم سینٹر پلازا کی بیسمنٹ میں موجود دکانوں میں رات گئے آگ بھڑک اٹھی۔ اس حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
آگ لگنے کے بعد دکانوں میں پڑی موبائل بیٹریوں کے پھٹنے کی وجہ سے آگ نے پورے پلازے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے میں ریسکیو 1122، پاک افواج سمیت کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر محکموں کی 20 سے زیادہ گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔
ذرائع کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ ٹائم سنٹر پلازا کے ساتھ اندر گلی میں راستہ تنگ ہے جس کی وجہ سے فائر فائِٹرز کو راستہ نہیں مل رہا۔ امدادی کاموں میں مصروف ورکرز کا کہنا ہے کہ تقریباً تمام دکانیں موبائل فونز اور ان کی بیٹریوں کی ہیں جن کے پھٹنے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
پشاور صدر میں تزنین و آرائش کا حالیہ ہونے والے کام کی وجہ سے بجلی کے سارا نظام زیر زمین کر کے محفوظ بنا دیا گیا- اسی وجہ سے ٹائم سنٹر آتشزدگی سامنے کی طرف پھیلنے سے بچ گئی ورنہ نقصان زیادہ ہوتا۔ اس سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہونے سے بچ گیا۔ تاہم دیگر کروڑوں کا سامان خاکستر ہو گیا۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے خود آگ بجھانے اور دیگر حفاظتی اقدامات کی نگرانی کی ۔

مزید پڑھیں:  ججز خط:پی ٹی آئی نے چیف جسٹس کاطرزعمل مایوس کن قراردیا