مردہ بھینسوں کا گوشت

پشاور :مردہ بھینسوں کا گوشت سپلائی کرنے کی کوشش ناکام‘2ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک :محکمہ خوراک نے پشاور میں مردہ بھینسوں کا گوشت سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ‘ کارروائی کے دوران 4مردہ بھینسیں قبضہ میں لے لیکر 2ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور کمال احمد نے جی ٹی روڈ پر چمکنی کے مقام پر کارروائی کی جہاں پر گرفتار ملزم ایک خالی میدان میں مردہ بھینسوں کو ذبح کرنے کے بعد کاٹنے میں مصروف تھے جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کیا اور 2افراد کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ مردہ بھینسوں کو گھنٹہ گھر سبزی منڈی سپلائی کر رہے تھے۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور بھر میں تمام تحصیلوں میں محکمہ خوراک کے حکام کو الرٹ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اشیا کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی سپلائی چین کو منقطع کیا جائے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید پڑھیں:  بی آر ٹی پشاور کے کرایوں میں اضافے کی تیاریاں