غزہ، عالمی عدالت انصاف کی کارروائی کے دوران مزید174فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: عالمی عدالت انصاف کی کارروائی کے دوران غزہ میں اسرائیل نے وحشیانہ بمباری تیز کر دی جس سے مزید174فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی افواج کی کارروائیوں میں مزید تیزی دیکھی جا رہی ہے جس سے مزید174فلسطینی شہید جبکہ 310 زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فلسطینیوں کی نسل کشی کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میِں سماعت جاری تھی۔ اس دوران صیہونیوں نے فلسطینیوں کے خون سے پھر ہاتھ رنگ دیئے۔
ذرائع کے مطابق فلسطینی علاقے غزہ اور خان یونس میں اسرائیلی بمباری کا رخ نہتے شہریوں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کی جانب ہو گیا ہے۔
خان یونس میں ناصر ہسپتال کی بجلی کا نظام مکمل طور پر ڈاون ہو گیا ہے جس سے طبی عملہ کو مریضوں کا علاج معالجہ کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
اس کے علاوہ رفاح میں بھی ایک رہائشی مکان پر حملہ کیا گیا جس میں 3 افراد شہید ہو گئے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 26 ہزار جبکہ زخمیوں کی تعداد 64 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ پلیئرز کی رینکنگ جاری