گلبرگ تھانہ میں منشیات تبدیل، ڈی ایس پی سمیت 4 افسران معطل

ویب ڈیسک: گلبرگ پولیس سٹیشن کے بعض افسران کی جانب سے ملزمان سے تحویل میں لی گئی منشیات تبدیل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضبط شدہ منشیات تبدیل کرنے کا سی سی پی او اشفاق انور نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سمیت 4 افسران معطل کرکے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق 12دسمبر 2023 کو گلبرگ میں مشکوک گاڑی سے تقریباََ 600 کلوگرام چرس اور افیون برآمد کی گئی جسے گلبرگ پولیس نے قبضہ میں لیا۔ منشیات نمونے کی ایف ایس ایل رپورٹ بھی پازیٹو رہی۔
پولیس کے مطابق 2 ہفتہ قبل سی سی پی او کو ذرائع سے اطلاع ملی کہ تھانے میں موجود ضبط شدہ منشیات تبدیل کر دی گئی ہیں اور اس کی جگہ ایسا مواد رکھا گیا ہے جو منشیات نہیں ہے۔
سی سی پی او نے معاملہ کی انکوائری سینئر افسر سے کرائی اور انکوائری میں معلوم ہوا کہ تھانہ میں موجود مواد منشیات نہیں اور اس کے نمونے ایف ایس ایل سے موصول شدہ منشیات کے نمونوں کے ساتھ موازنہ نہیں رکھتے۔
اسی طرح ضبط شدہ منشیات کو پولیس مال خانہ میں 48 گھنٹے کے اندر جمع کرانے کی ایس او پی کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

مزید پڑھیں:  بانی پی ٹی آئی پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں، شیر افضل مروت