حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ شروع، نواز شریف متحرک، بیرسٹر گوہر کا انکار

ویب ڈیسک: الیکشن 2024ء کے نتائج ابھی مکمل نہیں ہوئے بلکہ غیر حتمی نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ چل نکلا ہے۔ نواز شریف متحرک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے تمام پارٹیوں کو مستحکم حکومت سازی کیلئے اتحاد کی دعوت دیدی جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر نے کسی سے بھی رابطہ کی تردید کرتے ہوئے امکان مسترد کر دیا۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں کو برتری حاصل ہے۔ انہوں نے اب تک قومی اسمبلی کی 93 سیٹیں جیت رکھی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے حصے میں 64 جبکہ پی پی پی 52 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے تمام جماعتوں کو ملکر حکومت بنانے کی پیشکش کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکالیں۔
ملکی معاشی صورتحال سمیت مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام پارٹیوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مشکل صورتحال سے پاکستان کو نکالنے کیلئَ ہمارا اتحاد لازمی ہے۔
انہوں نے آزاد امیدواروں کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، پارتیاں ہوں یا آزاد امیدوار سب کو دعوت دیتے ہیں کہ آج کے ان مشکل حالات سے ملکی ناو کو نکالنے کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف متحرک ہو گئے ہیں تاکہ مشترکہ حکومت سازی کا عمل انجام دیا جا سکے.

مزید پڑھیں:  احتجاجی تحریک:پی ٹی آئی کا مولانا فضل الرحمان سے رابطے کا فیصلہ