اکھاڑ پچھاڑ کی تیاریاں

خیبرپختونخوا کی بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کی تیاریاں

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کی بیوروکریسی میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی دور میں اہم عہدوں پر براجمان بیوروکریٹ اب دوبارہ سے پرکشش عہدوں کیلئے پر تول رہے ہیں جبکہ نگران دور میں من پسند تعیناتی پر کام کرنیوالے بیوروکریٹس کیلئے اپنا عہدہ بچانا مشکل ہوگیا ہے۔
گزشتہ برس جنوری میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد اہم عہدوں پر تعینات بیوروکریٹس کو نگران حکومت نے آتے ہی تبدیل کر دیا تھا اور بیشتر افسران او ایس ڈی ہوگئے تھے انہیں کئی ماہ تک تعیناتیاں بھی نہیں دی گئی تھیں اور وہ اب تک گھر بیٹھے ہوئے ہیں۔
نگران حکومت میں تین سے چار مرتبہ بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوچکی ہے اور اس وقت اہم عہدوں پر تعینات افسران نے اپنی پوزیشن بچانے کی کوشش کر دی ہے۔
بیوروکریسی میں پی ٹی آئی کے قریب سمجھے جانیوالے بیشتر افسران نے ابھی سے اسٹیبشلمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے چکر کاٹنا شروع کر دیا ہے اور اپنے لئے پرکشش عہدوں کی تلاش شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت سنبھالتے ہی کھڈے لائن لگائے جانیوالے افسران کی دوبارہ سے تعیناتی نئی حکومت کی ترجیح ہوگی جبکہ کابینہ ممبران بھی اپنی سوچ اور قربت کے حساب سے افسران کی تقرری کرینگے۔

مزید پڑھیں:  طورخم سرحد آج سے بند، تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں گی، بارڈر حکام