صحت کارڈ

خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ کے تحت مفت علاج بحال

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے عوام کے لئے بڑی خوشخبری ،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے یکم رمضان سے صحت کارڈ کے تحت 100فیصد آبادی کے لئے مفت علاج بحال کردیا۔
یہ اہم فیصلہ وزیر اعلی کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیاجس میں صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے حکام نے شرکت کی ۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صحت کارڈ کے تحت مفت علاج بحال کرنے کے لئے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کردیئے گئے ۔
اجلاس میں صحت کارڈ کی مد میں اسٹیٹ لائف کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے ماہانہ پانچ ارب روپے جاری کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ امن و امان کے بعد عوام کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے،صحت کارڈ عوامی فلاح و بہبود کا اہم منصوبہ ہے، اس کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ لائف کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔
سکیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اصلاحات کی جائیں گی تاکہ اس کا ذیادہ سے زیادہ فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ میں چھت گرنے سے 2خواتین جاں بحق،5افراد زخمی