وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا بلین ٹری پلس منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ جنگلات اور ماحولیات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں بلین ٹری پلس منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر جنگلات فضل حکیم اور محکمہ جنگلات کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ اس دوران وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کو محکمے کے انتظامی معاملات، کارکردگی، اہداف اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا نے صوبے میں جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے بلین ٹری پلس منصوبہ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو مجوزہ بلین ٹری پلس منصوبے کے لئے ہوم ورک مکمل کرنے اور جنگلات کی کٹائی روکنے اور محکمے کا ریونیو بڑھانے کے لئے بھی لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی روکنے کے لئے جرمانوں کی موجودہ شرح اتنی بڑھائی جائے کہ یہ رقم کاٹی گئی لکڑی کی قیمت سے زیادہ ہو۔
انہوں نے اجلاس کے دوران بتایا کہ ٹمبر سمگلنگ پر کڑی نظر رکھنے کے لئے چیک پوسٹوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔
اجلاس کے دوران جنگلات کی سائنٹفک منیجمنٹ پر عملدرآمد سے متعلق معاملات پر بھی غوروخوض کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جنگلات صوبے کا اثاثہ اور آنے والی نسلوں کی امانت ہیں۔ اس لئے جنگلات کا تحفظ اور فروغ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے تدارک کے لئے صوبے میں جنگلات کے رقبے میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  طورخم سرحد پر کارروائی ،ٹرک سے ایک ارب مالیت کی منشیات برآمد