صوبائی وزیر صحت

صوبائی وزیر صحت کا ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ کا دورہ،ایم ایس معطل

ویب ڈیسک: صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ناقص مینجمنٹ اور عوامی شکایات پر ایم ایس کو معطل کردیا ۔
وزیر صحت نے ایمرجنسی میں موجود مریضوں کی عیادت کی، ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا، ہسپتال کی ناقص صفائی کی صورتحال پر برہم ،مریضوں کے تیمارداروں نے وزیر صحت کو روک کر ہسپتال انتظامیہ کا پول کھول دیا۔
اس موقع پر وزیر سید قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، مریضوں کو کسی بھی طرح کی تکلیف ہوگی تو میں چین سے نہیں بیٹھوں گا،ہسپتال کا طبی عملہ عوام کی خدمت کیلئے ہے طبی عملے کا ہمہ وقت موجود ہونا لازمی ہے۔
مریضوں نے وزیر صحت کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ صفائی کا کوئی پرسان حال نہیں ۔
ڈاکٹرز کی عدم توجہی اور مریضوں کی خستہ حالی پر وزیر صحت نے ایم ایس شعیب کی سرزنش کی ،ڈائیلائسز یونٹ کو تالا لگانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تالہ خود توڑ کر یونٹ کو کھول دیا-

مزید پڑھیں:  پشاور، صوبائی کابینہ میں توسیع کا امکان، حتمی فیصلہ علی امین گنڈاپور کرینگے