جرمانے عائد

پشاور:رمضان کے دوران گرانفروشوں پر 11لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد

ویب ڈیسک: محکمہ خوراک نے رمضان المبارک کے دو عشروں کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے تحت گرانفروشی کے مرتکب افراد پر 11لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ۔
کارروائیوں کے دوران 171افراد جیل منتقل جبکہ102افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں ۔
پشاور ہائی کورٹ کے احکامات اور صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ کمال احمد فوڈ گرین انسپکٹر فخر عالم سمیت دیگر نے شہر کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کے دوران کارروائیاں عمل میں لائیں ۔
سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 3 فلور ملز 279 جنرل سٹور مالکان 239 نانبائی کی دکانوں 357 قصابوں 290 مرغی فروشوں 79 بیکری مالکان 40 مچھلی فروشوں 20 پکوڑہ فروشوں23 ہوٹلز مینیجرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
اسی طرح گرانفروشی کے مرتکب 171 افراد کو جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ 102 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جن سے جرمانوں کی مد میں 11 لاکھ 27 ہزار روپے وصول کئے گئے ہیں۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک پشاور کے افسران کی جانب سے رمضان المبارک میں کی جانیوالی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  دیر لوئر میں چیتے نکل آئے، عوام میں خوف پھیل گیا، ویڈیو وائرل