لنڈیکوتل، طبی عملے کی غفلت سے زچہ و بچہ دونوں جاں بحق

ویب ڈیسک: ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں ہیڈکوارٹر ہسپتال کے عملے کی غفلت کی وجہ سے زچہ و بچہ دونوں جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق لنڈی کوتل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے لیبر روم عملے نے انتہائی لاپرواہی اور غفلت کا مظاہرہ کیا جبکہ مریض کے لواحقین ایمبولینس عملے کے پیچھے بھی خوار وزار ہوتے رہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی رپورٹ تھانہ لنڈیکوتل اور ہسپتال میں بھی درج کر دی گئی۔
جاں بحق ہونے والے زچہ و بچہ کے لواحقین حاجی رحمان شینواری، شمس الدین شینواری کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی اور سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حاجی رحمان شینواری اور شمس الدین نے ہسپتال انتظامیہ لیبروم عملے کے خلاف رپورٹ جمع کرتے ہوئے کہا کہ زچہ و بچہ کیس میں خاتون کو لنڈیکوتل ہسپتال لائے۔
اس موقع پر لیبرروم عملے نے لاپرواہی اور غفلت کا مظاہرہ کیا۔ خاتون کو جہاں فوری طبی امداد کی ضرورت تھی عملے کی غفلت کے باعث قیمتی وقت ضائع ہوتا رہا۔
اس دوران ہسپتال عملے نے خاتون کی سرجری ادھور چھوڑ کر اسے پشاور منتقل کرنے کو کہا، اس دوران مریض کی حالت مزید بگڑ گئی۔
انہوں نے کہا کہ مریض کو پشاور منتقل کرنے کے لئے ایمبولینس کے پیچھے بھی خوار ہوتے رہے، ہسپتال میں ایک گھنٹہ تک ایمبولینس نہیں ملی، ایمبولینس عملہ موقع پر موجود نہیں تھا۔
پشاور ہسپتال پہنچے تو عملے نے کہا کہ خاتون اور بچہ دونوں جاں بحق ہو گئے ہیں۔
حاجی رحمان شینواری اور شمس الدین نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لنڈیکوتل ہسپتال کے ذمہ دار عملے کے خلاف فوری اور سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائیے۔

مزید پڑھیں:  انتخابات کے ذریعے وجود میں آنے والی اسمبلیاں جعلی ہیں، مولانا فضل الرحمان