پشاور میں طویل خشک سالی

پشاور میں طویل خشک سالی، سال بھر میں صرف 1 بارش ہوئی

ویب ڈیسک: کلائمیٹ چینج یعنی آب وہوا کی تبدیلی نے موسمی توازن میں بگاڑ پیدا کردیا ہے سردیوں کا موسم کم اور گرمیاں لمبی ہورہی ہیں گذشتہ سالوں میں طویل خشک سالی کا جو دور 10 سال میں ریکارڈ کیا جارہا تھا 2010 کے بعد سے اب ہر تین سال کے بعد صوبہ میں خشک سالی رپورٹ ہورہی ہے ۔

دوسری طرف خشک سردی اور ٹھنڈی ہوائوں نے سردی کی شدت میں مزیدا ضافہ کردیا ہے چترال ، دیر اور مالم جبہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے4درجے نیچے گرگیا ہے جبکہ پشاور اور سیدو شریف سوات میں ایک جتنی سردی یعنی درجہ حرارت ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتے تک سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہوگا جس میں پشاور کا درجہ حرارت بھی منفی میں جانے کا امکان ہے ڈائریکٹر موسمیات سید مشتاق علی شاہ کے مطابق سائبیریا سے ہوائوں کا ایک نیا سلسلہ مغربی سمت سے پاکستان میں داخل ہورہا ہے جس سے 20دسمبر کو پشاور اورصوبہ کے بعض وسطی اور بالائی اضلاع میں بارش کا امکان ہے اور اس عرصے میں شدید سردی رہے گی البتہ سوات اور چترال میں اس سسٹم کے تحت بارشیں اور برف باری کی پیش گوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  نائلہ کیانی نے نیپال میں دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی مکالو کو سر کر لیا

واضح رہے کہ رواں سال پشاور میں طویل خشک سالی رہی اور سال بھر میں صرف ایک مرتبہ بارش ہوئی جس کی وجہ سے زیر زمین پانی کے ذخائر اور آبی وسائل میں کمی کے ساتھ ساتھ دھند اور کہرے کی شکل میں خیبر پختونخوا کے بڑے شہروں میں لوگوں کو فضائی آلودگی کا بھی سامنا ہے خشک موسم کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بوڑھے سانس اورسینے کے امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں پشاور میں نزلہ، زکام اور بخار بھی خشک سالی کی وجہ سے پھیل رہا ہے گذشتہ روز چترال میں منفی چار سینٹی گریڈ جبکہ دیر اور مالم جبہ میں منفی2سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ڈی آئی خان میں سات درجہ سینٹی گریڈ اور بنوں میں4سینٹی گریڈ، ایبٹ آباد میں صفر سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا اس طرح پشاور میں1اور سیدو شریف سوات میں بھی ایک درجہ سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور:اساتذہ کی بورڈ امتحانات میں بار بارڈیوٹی لگانے پر پابندی عائد

ماہرین صحت کے مطابق دھوپ کی حدت کم ہونے اورسرد ہوائیں چلنے سے موسمی بیماریاں پھیل گئی ہیں ان حالات میں بچوں اور بزرگ لوگوں کو سردی سے بچانے کیلئے گرم ملبوسات اور مشروبات کا استعمال کیا جائے گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال اور سر کو ڈھانپنا بھی لازمی ہے بصورت دیگر موسمی بیماریاں جاں لیوا ہوسکتی ہیں دریں اثناء منگل کے روز پشاور میں کڑاکے کی سردی باعث لوگ گھروں تک محدود ہوگئے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں شدید دھند پھیلنے اور سردی کا پیمانہ گرم مرطوب اضلاع میں بھی منفی سینٹی گریڈ میں جانے کا امکان ہے۔