کمپنیوں نے طبی سامان کی سپلائی

مختلف کمپنیوں نے طبی سامان کی سپلائی روک دی

مختلف کمپنیوں کی طرف سے طبی مشینری کی سپلائی غیر قانونی طورپر روک دینے کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں آپریشن وغیرہ جزوی طور پر متاثر ہو گئے ہیں۔ قبل ازیں سرجیکل سامان بنانے والی کمپنیوں نے میڈیکل آلات اور مشینری سمیت مختلف میڈیکل سامان کی قیمتوں میں خود ساختہ طور پر اضافہ کیا تھا جس میں حالیہ دنوں کے دوران سپلائی کمپنیوں نے قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ٹیکسز اور روپے کی قدر کم ہونے کی وجہ سے کمپنیوں اور ہسپتالوں کے درمیان باقاعدہ طور پر کئے گئے معاہدے بھی متاثر ہورہے ہیں اور کمپنیوں نے مذکورہ نرخوں پر سامان کی سپلائی کرنے سے انکار کیا ہے جس کے نتیجے میں ہسپتالوں کیلئے سامان کی خریداری میں بیرون مارکیٹ میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

مزید پڑھیں:  ڈالر کی گراوٹ جاری، 278 روپے 20 پیسے کا ہو گیا

ذرائع کے مطابق بعض کمپنیوں نے معاہدے پر عمل درآمد کرنے کی بجائے ازسر نو معاہدے اورنئے ٹینڈر کرنے کا مطالبہ کیا ہے دوسری طرف سرکاری ہسپتالوں کو میڈیکل آلات کی سپلائی رک جانے کے باعث ہسپتالوں کا آپریشن سسٹم متاثر ہونا شروع ہوگیا ہے جبکہ مقامی سطح پر طبی سامان بھی سابق نرخ کے مطابق دستیاب نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سنٹرل ریٹ کنٹریکٹ کے تحت یہ مسائل جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی بصورت دیگر ہیلتھ میں طبی سامان کی خریداری کیلئے کئے گئے تمام معاہدوں پر نظر ثانی اور اس کیلئے فنڈز میں اضافہ ناگزیر ہوگا۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا کے کسانوں سے 3لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائیگی،علی امین گنڈا پور