برفباری

سعودی عرب میں پہاڑ اور سڑکیں برف سے ڈھک گئیں

سعودی عرب میں تبوک کے علاقے جبل اللوز میں نئے سال کے شروع ہوتے ہی موسم حسین ہوگیا ،برف باری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی اور سیاح بڑی تعداد میں قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق تبوک میں رات بھر درجہ حرارت میں زبردست کمی کے بعد برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ مسلسل ہونے والی برفباری سے پہاڑ اور سڑکیں برف سے ڈھک گئیں۔ بلند پہاڑوں کی چوٹی برف کی تہہ سے چمک رہی ہے اور اس پر پڑنے والی سورج کی کرنوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پہاڑ سے چاندی اتر رہی ہو۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سے رشتہ مزید مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے، ویدانت پٹیل

برفباری کے بعد علاقے کے نکھرتے حسن نے سیاحوں کو اپنی گرفت میں لے لیا، ملک کے مختلف حصوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد تبوک پہنچنا شروع ہوگئی۔ تبوک کے سفید پوش پہاڑوں اور سیاحتی علاقوں کی جانب جاتی گاڑیوں کی لمبی قطاروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ گرم کپڑوں میں ملبوس لوگ مملکت میں برف کے نایاب نظارے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اہل خانہ کے ہمراہ آنے والے سیاحوں نے خوبصورت مناظر اور دل فریب موسم سے لطف اندوز ہونے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس کے بعد ان علاقوں میں سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ تبوک کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ مزید دو روز جاری رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  امریکہ چین کے ساتھ پائیدار بات چیت کیلئَے پرعزم ہے، انٹونی بلنکن

سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ پیر تک گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے اور دھند کی وجہ سے ہر کسی کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔