پولیس میں 1000 اہلکار بھرتی

محکمہ پولیس میں 1000 سے زائد اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ

محکمہ پولیس میں 1000 سے زائد اہلکاروں کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے کیس صوبائی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پولیس لائن پشاور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او عباس احسن نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے،جرائم کی بیخ کنی اور دیگر معاشرتی مسائل کے حل میں صحافیوں کا کلیدی کردار ہے لہذا پی ایل سی ممبران، صحافیوں اور وکلاء پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینے کا پلان بھی زیر تجویز ہے جس سے معاشرے میں موجود برائیوں کی بروقت نشاندہی اور ان کے خاتمہ میں مدد ملے گی، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا قرعہ صاحبزادہ حامد رضا کے نام نکل آیا

سی سی پی او عباس احسن نے مزید کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پولیس جوانو ں کیساتھ ساتھ صحافیوں نے بھی مال و جان کی قربانیاں دی ہیں، پشاور پریس کلب پر خودکش حملہ حق اور سچ کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن ونگ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے خصوصی کرائم سین وینز حوالہ کئے گئے ہیں جبکہ افرادی قوت کی فراہمی کیلئے 1000سے زائد اہلکاروں کی بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائیگا، ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ ساتھ صحافیوں نے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سی سی پی او نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انوسٹی گیشن ونگ کو مزید افرادی قوت فراہم کی جائیگی ،شہر میں سٹریٹ کرائمز کیخلاف نئی حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  بارشوں کا نیا سپیل، خیبر پختونخوا میں سیلاب کے خطرات۔ الرٹ جاری