نوجوان سیاسی مقاصد کیلئے استعمال

نوجوان سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ ہوں،خود فیصلہ کریں، بیرسٹرسیف

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے سول سیکرٹریٹ پشاور کے اطلاع سیل میں میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک کامیاب جوان پروگرام کے تحت 40 لاکھ نوجوانوں کو فائدہ دیا گیا اور26 ہزار نوجوان باروزگار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام پروگراموں میں نوجوانوں کوحصہ دیا اور صرف خیبرپختونخوا میں جوانوں کو قرضے کی مد میں دو ارب دے چکے ہیں اورایک ارب مزید دینگے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں لیپ ٹاپ دیئے گئے لیکن روزگار نہیں ملا مگراب ایک لاکھ جوانوں کو روزگار بھی ملے گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں صوبائی حکومت سے مل کر ہم کام کررہے ہیں، وزیراعظم اوروزیر اعلیٰ محمود خان جوانوں سے کئے گئے وعدے بتدریج پورے کررہے ہیں، ہم نے سپورٹس اورٹیلٹ ہنٹ کا پروگرام بھی خیبرپختونخوا میں شروع کیا ہے اور ہم اپنے انتخابی وعدے کے مطابق نوجوانوں کو با اختیار بنا رہے ہیں۔ بریفنگ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ مرکز نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو یاد رکھا جو قابل ستائش ہے اور یہ عمران خان کے ویژن کی عملی تصویرہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مختلف سکیموں میں بھی مرکز ہمارا ساتھ دے رہا ہے کیونکہ خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کا قلعہ ہے، ہم ڈیجیٹل سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام پربھی کام کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پاور شیئرنگ کا فارمولہ طے

بیرسٹر سیف نے کہا کہ کیا ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والوں نے بھی اپنے دور اقتدار میں نوجوانوں کے لیے کوئی ایسا پروگرام دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہوں بلکہ اپنی سوچ سے فیصلہ کریں کہ کون ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے اور کون خود غرضی سے کام لیتا ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت کے قرضہ پروگرام کے تحت جوانوں کو دس لاکھ، ایک کروڑ اور دس کروڑ تک قرضہ ملتا ہے، بلاسود قرضہ بھی ملتا ہے اور اس پراسس کی وزیراعظم سیکرٹریٹ سے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جاتی ہے، انہوں نے بتایا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جارہا ہے،عثمان ڈار نے بتایا کہ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ٹارگٹیڈ شعبہ جات کی نشاندہی کی ہے تا کہ نوجوانوں کو فائدہ مل سکے، سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے ہم یونیورسٹیوں کو بطور پلیٹ فارم استعمال کررہے ہیں، باہر کے جوان بھی شریک ہوسکتے ہیں، ہم صوبوں کی بھی مدد کررہے ہیں کیونکہ وزیراعظم پوری ذمہ داری لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ایک ماہ کے دوران 92کروڑ 69 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کا انکشاف

معاون وزیر اعظم نے کہا اس پروگرام میں ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہوگا اور اگرہوا تو ہم سب سے پہلے خود احتساب کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال کھیلوں کے 550 پروگرام منعقد کرینگے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اپوزیشن نالائق ترین ہے جوروزانہ عدم اعتماد لاتی ہے،ان کی سانسیں پھولی ہوئی ہیں، کرپشن سے رنگے یہ ہاتھ کیسے عدم اعتماد لائیں گے،یہ عمران خان تو کیا مٹی کے مادھو کو بھی نہیں گراسکتے، یہ ضمیروں کے سوداگر ہیں جو سینٹ الیکشن میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، پی ٹی آئی اور اتحادی عمران خان کیساتھ ہیں،اپوزیشن والے چودھریوں سے بھیک مانگ رہے ہیں، اگر اپوزیشن 18 اگست 2023 تک عمران حکومت نہ گراسکے تو پھرقوم سے معافی مانگے۔