سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ

میرانشاہ، سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ،21اہلکار زخمی

میرانشاہ( نمائندہ خصوصی) شمالی وزیرستان میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ میرعلی سب ڈویږن میں سکیورٹی فورسز کے کانوائے پر خودکش حملہ ہو اہے جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق21سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان سب ڈویږن میرعلی میں بائی پاس روڈ پرمنگل کی سہ پہر کو سکیورٹی فورسز کاکانوائے بنوں سے میرانشاہ آ رہاتھا کہ میرعلی بائی پاس کے قریب خودکش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کے ٹرک کے قریب خودکش حملہ کیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ،اور آواز دور دور تک سنائی دی، دھماکے میں 21 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں نائب صوبیدار بشیر حسین ، اسماعیل ، سپاہی سیف اللہ ، سپاہی حارث،حوالدار نقیب اللہ ، حوالدار محب اللہ ، سپاہی شاہد علی ، سپاہی سالار نواز ، سپاہی سلطان ، فیاض خان ، نائیک نسیم، سپاہی الیاس،سپاہی شاکر اللہ ، سپاہی اعجاز علی ، نائیک وسیم ، لانس نائیک صفدر حسین ، سپاہی محبت علی ، حنیف اللہ ، سپاہی عدنان علی ، حوالدار اختر نواز اور حوالدار سیف اللہ شامل ہیں زخمیوں میں سے چھ کو بنوں سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے جن کا علاج معالجہ جاری ہے جبکہ اکثر معمولی زخمی ہیں ، حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ، دوسری جانب کالعدم تنظیم کی طرف سے مبینہ خود کش حملہ آور کی جاری کردہ تصویر زیر گردش ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور کی عمر پچیس سے تیس سال ہے۔

مزید پڑھیں:  استور سے گلگت آنے والی گاڑی کو حادثہ ،خاتون جاں بحق ،دو افراد زخمی