عمران خان اسمبلیاں توڑیں

عمران خان اسمبلیاں توڑیں ہم الیکشن کیلیے تیار ہیں، وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اگر مگر چھوڑیں اور اسمبلیاں توڑیں، حکومت 90 روز میں الیکشن کروائے گی اور مسلم لیگ ن انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، پرویز الہی کو نئے سیٹ اپ میں وزیراعلی بنانے پر سوچا جاسکتا ہے
ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے اپنی غلطی تسلیم کی ، شریف فیملی کی بے گناہی دنیا سے ثابت ہو رہی ہے، عمران خان اور شہزاد اکبر جھوٹے الزامات پر معافی مانگیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت کا کام عمران خان کے خلاف کارروائی کرنا نہیں بلکہ قانون سازی کرنا ہے ، نیب کا قانون بہتر کردیا تاکہ انتقامی کارروائی نہ ہو، چئیرمین نیب سے مطالبہ کرتا ہوں مہربانی کریں ، آپ میرٹ پر کام میں اتنی تاخیر نہ کریں کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کا بہت انتظار کیا لیکن وہ نہیں آئے، اسلام آباد میں جلسہ بھی نہیں کیا اور راولپنڈی چلے گئے، عام انتخابات تو اگلے سال اکتوبر میں ہی ہوں گے، کے پی اور پنجاب اسمبلی ٹوٹتی ہیں تو ان کا الیکشن 90 دن میں ہوگا۔
رانا ثنااللہ نے عمران خان کو چیلنج دیا کہ میرا چیلنج قبول کریں، اگر مگر چھوڑیں اسمبلی توڑیں، اگلے الیکشن کو چھوڑیں اسی میں فیصلہ ہو جائے، آپ کو پنجاب میں بھی بھرپور شکست سے دوچار کریں گے اور چھپنے کیلئے بھی جگہ نہیں ملے گی۔

مزید پڑھیں:  حکمرانوں کی نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے، مشیر خزانہ مزمل اسلم