درآمدات میں رکاوٹ،بیشتر ہسپتالوں میں آپریشنز متاثر ہونے کا خدشہ

ویب ڈیسک:پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث جاری بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور درآمدات میں رکاوٹ کے سبب ملک کے بیشتر ہسپتالوں میں معمول کے آپریشنز متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وائس چیئرمین عدنان صدیقی نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال کے سبب ایل سیز بند ہونے کے باعث میڈیکل ڈیوائسز درآمد کرنے میں رکاوٹیں آرہی ہیں جس سے ہسپتالوں میں سرجریز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالرز کے ذخائر میں کمی کے باعث بینک ایل سیز نہیں کھول رہے جس کی وجہ سے شپمنٹ کی ڈیلیوری میں مسائل کا سامنا ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو رواں ماہ کے آخر تک ملک کے بیشتر ہسپتالوں میں بڑی سرجریزمتاثر ہوسکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ فارماسوٹیکل اور ہیلتھ کیئر سے متعلق تمام کمپنیوں کے ایل سیز نہ روکے جائیں تاہم بینکس کے پاس بھی اس وقت ڈالرز کی کمی ہے جس کی وجہ سے بینکوں کو بھی دشواری کا سامنا ہے۔اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود کے مطابق پمز ہسپتال میں اس وقت ایک ماہ کا سٹاک موجود ہے لیکن ایک ماہ بعد ہسپتال میں سرجریز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پمز میں پورے پاکستان سے لوگ مختلف سرجریز کے لیے آتے ہیں اور ان میں زیادہ تر ایمرجنسی کیسز ہوتے ہیں اس لیے ان میں تاخیر نہیں کی جاسکتی۔
ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایوسی سی ایشن کے نائب چیئرمین عدنان صدیقی کے مطابق اوپن ہرٹ سرجریز، آرتھوپیڈک اور آنکھوں کے آپریشنز میں استعمال ہونے والے ڈیوائسز میں اس وقت کمی کا سامنا ہے جب کہ مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لیے لیبز میں استعمال ہونے والی کٹس کی سپلائی چین بھی متاثر ہورہی ہے۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجم جلال کے مطابق سپلائی چین متاثر ضرور ہوئی لیکن اس وقت ہسپتال کے تمام آپریشنز معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔
دوسری جانب پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ترجمان رفعت نے کہا کہ سپلائی چین متاثر ہونے سے ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والی سرجریز کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں جہاں روزانہ 8 سرجریز ہوا کرتی تھیں اب ان کی تعداد کم کر کے 5 تک کر دی گئی ہے تاہم یہ کمی وقتی طور پر کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  آٹا مزید سستا، 300 روپے کی کمی کے ساتھ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1900 روپے کا ہو گیا