خیبرپختونخواکے تاجروں کاڈیٹابھتہ خوروں کے ہاتھ لگ گیا

ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا کے تاجروں کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات، گھروں میں موجود جیولری اور نقدی، گاڑیوں کی تعداد، اسلحہ اور اہل و عیال کی تمام مالی تفصیلات دہشت گروں کے ہتھے چڑھ گئی ہیں جس پر تاجروں نے نادرا اور فیڈ رل بورڈ آف ریونیو کے کردار پر سوال اٹھا دئیے ہیں۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق کے مطابق شہریوں کا انتہائی اہم اور ذاتی نوعیت کا ڈیٹا لیک ہوگیا ہے۔ بھتہ خوروں کی جانب سے کال آتی ہے اور کہتے ہیں کہ آپ کے اس بینک میں یہ اکائونٹ ہے۔
آپ کی بیوی کا دوسرے بینک میں اکائونٹ ہے۔ آپ کے بچے کا اکائونٹ بھی ہے اور ان اکائونٹس میں اتنی رقم موجود ہے۔ جس جس جگہ پلاٹ ہے جہاں جہاں گھر ہے اور کون کون سی گاڑی ہے تمام تفصیلات ان کے پاس ہوتی ہیں۔ محمد اسحاق نے بتایا کہ یہ تمام تفصیلات نادرا یا پھر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس ٹیکس ریٹرن میں ہوتی ہیں ۔ خیبر پختونخوا کے تاجروں کو بھتہ خوروں سے اب تواتر کے ساتھ فون کالز اور دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں محمد اسحاق کے مطابق یہ واقعات رپورٹ نہیں ہورہے اور حتی کے کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے پاس بھی یہ معلومات مکمل نہیں ہوںگی کہ کتنے تاجروں کو بھتے کیلئے کالز آئی ہیں ۔
اس سے قبل سابق آرمی چیف جنرل ( ر ) قمر جاوید باجو ہ کے خاندان کا بھی ٹیکس ریٹرن کا ڈیٹا لیک ہوگیا تھا اور حکومت نے چند ایف بی آر ملازمین کو معطل بھی کیا تھا۔ دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نادرا کے ہینڈلر سے جواب دیا گیا ہے کہ نادرا کے پاس شہریوں کی ذاتی اور خاندانی معلومات محفوظ ہیں یہ ایک مبالغہ آرائی ہے کہ نادرا کا ڈیٹا لیک ہوا ہے جبکہ پراپرٹی، بینک اکاؤنٹ یا گاڑیوں کی تفصیلات نادرا کے پاس نہیں ہوتیں۔

مزید پڑھیں:  چین میں بارش سے ہائی وے کا حصہ بہہ گیا،36افراد ہلاک