زرداری پر قتل کے الزامات

عمران کے زرداری پر قتل کی سازش کے الزامات سے خون خرابہ ہو سکتا ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کے الزام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے اس بیان کے باعث خون خرابہ بھی ہو سکتا ہے۔
ویب ڈیسک: سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزامات سے خون خرابہ بھی ہو سکتا ہے، ہماری سیاست میں ایسے واقعات نہ پہلے ہوئے ہیں اور نہ آئندہ ہوں گے، بے نظیر بھٹو نے دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جان گنوائی جبکہ ہیپلزپارٹی نے پرتشدد طریقے کی بجائے جمہوری طریقہ اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار چھننے کا غم عمران خان کو نہیں چھوڑ رہا اور اس کا الزام امریکا سے شروع ہو کر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی تک پہنچ گیا، عمران خان پہلے اور آج ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ اگر ملک میں کوئی بھی سانحہ ہوا اسکا ذمہ دار عمران خان ہو گا، فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی انتقام نہیں، مجھے انہوں نے جیل میں صرف دو کمبل دیے تھے، ان کو ہر سہولت مل رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو کہتا ہے کہ فوج سے میری ملاقات کرواؤ، اب سیاست 2012 کی طرح کی نہیں چلے گی بلکہ اب اپنے بل بوتے پر ہو گی۔

مزید پڑھیں:  بارشوں کا نیا سپیل، خیبر پختونخوا میں سیلاب کے خطرات۔ الرٹ جاری