انتخابات کی تاریخ

لاہور ہائی کورٹ کا الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم جاری کردیا۔
ویب ڈیسک: عدالت نے الیکشن کمیشن کو فوری طور پر الیکشن کرانے کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا، عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن 90 روز میں الیکشن کرانے کا پابند ہے، انتخابات کا شیڈول جاری کرے، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے اوپن کورٹ میں مختصر فیصلہ سنایا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق دائر درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، فیصلہ 16 صفحات پر مشتمل ہے، جسٹس جواد حسن نے فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد فوری تاریخ کا اعلان کرے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے کہ 90 روز کے اندر الیکشن ہوں گے، اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ انتخابات 90 روز سے زائد تاخیر کا شکار نہ ہوں۔
تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار ادارہ ہے، انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، بطور خود مختار آئینی ادارہ ہونے کی حیثیت سے الیکشن کمیشن قانون کے مطابق الیکشن کرانے اور الیکشن کے انتظامات کرانے کا پابند ہے۔
فیصلے کے مطابق آئین کا آرٹیکل 220 وفاقی اور صوبائی اداروں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کا پابند کرتا ہے، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق الیکشن کا انعقاد کروائے، الیکشن کمیشن گورنر پنجاب سے مشاورت کرے کہ الیکشن کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ الیکشن مقررہ وقت کے اندر کروائے جائیں۔

مزید پڑھیں:  وزارتوں اور ڈویژنز کو پروفیشنلز کی تلاش کا اختیار مل گیا