ایل آرایچ میں کرپشن

ایل آرایچ میں کرپشن کی تحقیقات کروانے کامطالبہ

ویب ڈیسک: لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مختلف عہدیداروں کی مبینہ کرپشن کیخلاف کارروائی کیلئے ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن کی جانب سے گذشتہ روز نگران حکومت کو ایک خط ارسال کیا گیاہے جس میں وزیراعلیٰ سے اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری کی جانب سے صوبائی حکومت کو بھیجے گئے خط کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ہر سطح پر ریکارڈ کرپشن ہوئی ہے جبکہ پنجاب سمیت دیگر علاقوں سے اہم عہدوں پر غیر قانونی بھرتی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ہسپتال میں بے پناہ بد عنوانی ہوئی ہے اور اس کیخلاف انکوائریز بھی کرائی گئی ہیں لیکن سابق حکومت کی جانب سے اس بارے میں کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا تھا جس کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان سرکاری خزانہ کو پہنچایا گیا ہے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعلیٰ عدالتوں نے بھی بھرتی اور دیگر کرپشن شکایات پر انکوائری کرانے کا حکم جاری کیا تھا لیکن اس انکوائری کو بھی ختم کیاگیاہے ڈاکٹرزنے نگران حکومت سے اس سلسلے میں ایکشن لینے اور شفاف انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ن لیگ کے شیخ جعفر مندو خیل کو گورنر بلوچستان بنانے کا فیصلہ