ٹیلہ بندمیں آپریشن

ٹیلہ بندمیں آپریشن،فائرنگ تبادلہ میں1بھتہ خورہلاک،5 گرفتار

ویب ڈیسک:پشاور کے نواحی علاقے ٹیلہ بند میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے بھتہ خوروں اورکائونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں ایک بھتہ خور ہلاک ہو گیا جبکہ پانچ کو جدید اسلحہ سمیت گرفتار کر لیاگیاہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گزشتہ روز انہیں اطلاع ملی کہ ٹیلہ بند میں ایک منظم بھتہ خور گروہ موجود ہے جس پر ان کی بھاری نفری نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ا تو انہوںنے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی ۔فائرنگ کے تبادلہ میں ایک بھتہ خورماراگیا
جس کی شناخت سلیمان شاہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ سی ٹی ڈی نے 5 بھتہ خوروں واقف اللہ،قریب اللہ عرف گڈ،مزار خان ، حکیم سیداورخان کو گرفتار کرلیا اوران کے قبضہ سے دو کلاشنکوف ،چھ ہینڈ گرنیڈ،دو پستول اور کارتوس برآمد کر لئے گئے ہیں۔سی ٹی ڈی کے مطابق بھتہ خور گروہ کا تعلق ہمسایہ ملک سے ہے جو متعدد وارداتوں میں مطلوب ہیں۔انہوں نے بھتہ خشت کے مالک امتیاز سے 5لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا ۔بھتہ نہ دینے پر ان کے بھٹہ خشت پر ہینڈ گرنیڈبھی پھینکا تھا۔

مزید پڑھیں:  چترال کے پہاڑوں میں پھنسا سوئس سیاح ریسکیو کر لیا گیا