لکی مروت میں پولیس وین پر بم حملہ، 4 اہلکار زخمی

لکی مروت میں پولیس وین پر بم حملہ، 4 اہلکار زخمی

ویب ڈیسک: لکی مروت کے علاقے سعید خیل میں بم دھماکہ، ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس موبائل وین پر حملہ کرنے کیلئے سڑک کنارے دیسی ساختہ بم نصب کیا تھا جو اس وقت زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جب ایس ایچ او رزاق خان کی قیادت میں سٹی تھانے کی پولیس شہری علاقے میں واقع قبرستان کے قریب گشت پر تھی۔ زخمی پولیس اہلکاروں میں ایس ایچ او رزاق خان، ڈی ایف سی عبدالحمید اور کانسٹیبل رفیق خان اور امداد اللہ شامل ہیں جنہیں گورنمنٹ سٹی ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعد ازاں ڈی ایف سی عبدالحمید کو تشویشناک حالت میں بنوں ریفر کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو دنوں میں لکی شہر میں پولیس پر یہ دوسرا بم حملہ تھا، ہفتہ کو لکی شہر کے محلہ ریلوے سٹیشن میں کانسٹیبل ولایت خان کے گھر کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے نصب کیا گیا دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا تھا تاہم اس سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ اتوار کو پولیس پر حملے کے بعد ڈی پی او اشفاق خان فوراً ہسپتال پہنچے اور زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دھماکے کی جگہ کا بھی معائنہ کیا اور اس موقع پر کہا کہ ضلع سے دہشتگردوں کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  گندم سکینڈل پر انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی میں تکرار