صوبائی حکومت کے ماہانہ اخراجات

صوبائی حکومت کے ماہانہ اخراجات میں 35 ارب روپے کا اضافہ

ویب ڈیسک: بڑھتی ہوئی مہنگائی اور خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن سمیت مراعات میں اضافہ کے باعث صوبے کے ماہانہ اخراجات میں بڑا اضافہ ہوگیا۔ صوبائی حکومت کو اب ماہانہ 30 سے 35 ارب روپے اضافی درکار ہونگے جو مجموعی طور پر 85 سے 88 ارب روپے ماہانہ خرچ ہونگے۔ خیبر پختونخوا حکومت کے مالی سال 2022-23 میں ماہانہ اخراجات 45 سے 52 ارب روپے کے درمیان تھے جن میں ملازمین کی تنخواہیں 45 ارب روپے جبکہ اداروں کی گرانٹ اور جاری اخراجات کی مد میں 5 سے 7 ارب روپے جاری کئے جاتے تھے۔ نگران حکومت کی جانب سے جاری کردہ مجوزہ اخراجات کی تفصیلات کے مطابق چار ماہ کے دوران 350 ارب سے زائد خرچ کئے جائینگے جو ہر ماہ اوسط 87 ارب روپے بنتے ہیں۔ یہ رقم رواں مالی سال کی نسبت ماہانہ 35 ارب روپے سے زائد ہے۔
ہر ماہ اضافی 35 ارب روپے نگران حکومت کیلئے انتہائی مشکل ہے۔ نگران مشیر خزانہ حمایت اللہ خان اس حوالے سے کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت نے اپنے ٹیکس اہداف 7 ہزار سے بڑھا کر 9 ہزار 200 ارب کئے ہیں یعنی زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوگا اور صوبوں کو ان کا حصہ بھی زیادہ ملے گا، تاہم اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ اہداف حاصل ہوسکتے ہیں یا نہیں؟ اس کا اندازہ جولائی میں ہوجائیگا جب ٹیکس اکٹھا کرنے کا عمل شروع ہوگا۔

مزید پڑھیں:  ٹانک میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق