خیبرپختونخوا میں شدید گرمی

خیبرپختونخوا میں شدید گرمی، پارہ 44 درجہ پر گرمی 52 سنٹی گریڈ کی محسوس ہوتی رہی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے گرم مرطوب اضلاع بشمول پشاور میں گرمی نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے لوگوں کیلئے دھوپ میں نکلنا محال ہوگیا اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ بےہوش ہوگئے۔ بازار اور شاہراہیں سنسان رہیں۔ مختلف اضلاع میں چوتھے روزبھی درجہ حرارت معمول سے 6 سینٹی گریڈ سے زائد رہا۔ پشاور اوربنوں میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 44 درجہ سینٹی گریڈ ریکا رڈ کیا گیا، تاہم یہ گرمی 52 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں جمعہ کے دن درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج ہفتہ کے روز بھی صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے جبکہ بعد ازدوپہر میدانی علاقوں میں آندھی اورجھکڑ چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شام کے بعد چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، لکی مروت اورکوہاٹ میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
گذشتہ روز گرمی نے سب سے زیادہ بچوں اور بزرگ شہریوں کو متاثر کیا ہے اورسینکڑوں کی تعداد میں لوگ شدید گرمی کے باعث سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں داخل ہو گئے ہیں۔ تیز دھوپ کے ساتھ گرم آلود ہوائیں بھی چلیں جس نے معمولات زندگی کو معطل کر دیا۔ سڑکوں پر صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی اور تجارتی مراکز پر ہو کا عالم رہا۔ نماز جمعہ کے دوران بھی شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی بھی بند تھا جس سے شہریوں کے مسائل کا دوآتشہ کردیا۔

مزید پڑھیں:  کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہ قراقرم بند، سیکڑوں مسافر پھنس گئے