قدیم ترین اخبار

دنیا کے قدیم ترین اخبار کی اشاعت 320 سال بعد بند

ویب ڈیسک: دنیا کے سب سے پرانے اخبار کی روزانہ کی اشاعت لگ بھگ 320 سال کے بعد بند کر دی گئی ہے۔ آسٹریا کے اخبار Wiener Zeitung کا پرنٹ ایڈیشن اب روزانہ کی بنیاد پر شائع نہیں کیا جائے گا۔ آسٹریا کی اتحادی حکومت نے اپریل 2023 میں ایک قانون کی منظوری دی تھی جس کے تحت کمپنیوں پر اخبارات کے پرنٹ ایڈیشن میں عوامی اعلانات کے لیے پیسے دینے کی پابندی ختم کر دی گئی تھی۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں Wiener Zeitung کو ایک کروڑ 80 لاکھ یورو کا مالی نقصان ہوا اور 63 افراد کو ملازمتوں سے نکالنا پڑا۔ اس اخبار کو اب آن لائن شائع کیا جائے گا اور ماہانہ پرنٹ ایڈیشن شائع کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے مگر اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
آسٹریا کی حکومت اس اخبار کی مالک ہے مگر یہ ادارتی طور پر خودمختار ہے اور اس کی اشاعت اگست 1703 میں شروع ہوئی تھی۔ اس اخبار کے پہلے ایڈیشن میں کہا گیا تھا کہ خبروں کو سیدھے سادے الفاظ میں بیان کیا جائے گا اور کسی قسم کی لفاظی نہیں کی جائے گی۔ 30 جون کو آخری پرنٹ ایڈیشن میں ادارتی ٹیم نے حکومت کے نئے قانون کو اخبار بند ہونے کی وجہ قرار دیا۔ اپریل میں اس اخبار کی عام دنوں میں روزانہ کی اشاعت 20 ہزار جبکہ ہفتہ وار تعطیلات کے موقع پر 40 ہزار تھی۔
3 صدیوں کے دوران یہ اخبار محض ایک بار دوسری جنگ عظیم کے موقع پر 1939 میں بند ہوا مگر 1945 میں اس کی اشاعت دوبارہ شروع ہوگئی تھی۔ اس اخبار کی بندش کے بعد دنیا کا قدیم ترین روزنامہ جرمنی کا Hildesheimer Allgemeine Zeitung بن گیا ہے، جو 1705 سے شائع کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  علی رضا عابدی قتل کیس میں 4ملزمان کو عمر قید کی سزا