دریائے راوی میں پانی

بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا

ویب ڈیسک: بھارت نے دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ چھوڑ دیا ہے جس کے بعد دریا میں جسر کے مقام پر چھوٹے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ پاکستان کمیشن انڈس واٹر کے مطابق بھارت کی جانب سے تقریباً 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ اجھ بیراج دریائے راوی سے چھوڑا جا چکا ہے۔ اس سلسلے میں بتایا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق پچھلے سال بھی بھارت نے ایک لاکھ 73 ہزار کیوسک پانی چھوڑا تھا اور چھوڑے گئے پانی کا تقریبا ایک تہائی یعنی 60 ہزارکیوسک جسر تک پہنچا تھا جس کی وجہ سے دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ پر پانی کا بہائو تیز ہوگیا تھا۔ گزشتہ ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال تقریباً 65 ہزارکیوسک پانی اگلے 20 سے 24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے جس کے نتیجے میں جسر کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے کی ہدایت پر متعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھے گی۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو بارشوں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا البتہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار کیساتھ ساتھ شمال مشرقی پنجاب اورسندھ میں آندھی اورگرج چمک کیساتھ مزید بارش متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:  ایل پی جی کی قیمت 11روپے 88پیسے کم