برطانوی شہریوں کیلئے پاکستان

برطانوی شہریوں کیلئے پاکستان میں سفر کرنے کا نیا ہدایت نامہ جاری

ویب ڈیسک: برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے اکثرعلاقوں میں سفر سے روک دیا اور ان کیلئے پاکستان میں سفر کے سلسلے میں نئی ہدایات جاری کر دیں۔ برطانوی حکومت کی جانب سے پشاور سمیت کے پی کے اکثر علاقوں میں سفر سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگرد حملوں کا خطرہ ہے، صوبہ خیبرپختونخوا میں باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع کا سفر نہ کریں۔ ہدایات کے مطابق چارسدہ، کوہاٹ، ٹانک، بنوں، لکی، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، بونیر اور لوئر دیر کے اضلاع کے سفر سے بھی گریز کا کہا گیا ہے۔ حکومتِ برطانیہ کا کہنا ہے کہ شہری پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے جنوبی ساحل کے علاوہ کسی علاقے میں نہ جائیں۔
برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو سیاسی مظاہروں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ سیاسی مظاہروں میں مغرب مخالف جذبات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو شدید گرمی سے بھی خبردار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ممبئی، مدارس پر پابندی کا عمل سپریم کورٹ نے روک دیا