آئی ایم ایف پروگرام

آئی ایم ایف پروگرام حلوہ نہیں، کڑی شرائط کے بعد ڈیفالٹ سے بچے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام کوئی حلوہ یا کھیر نہیں، ہم نے عالمی مالیاتی ادارے کی منتیں کیں اور شرائط مانیں تب پروگرام منظور ہوا، شکر ہے ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے ہیں۔
ویب ڈیسک: ملتان میں یوتھ لون پروگرام سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام پر خوشی کے شادیانے نہیں بجانے ، آئی ایم ایف پروگرام حلوہ یا کھیر نہیں، شرائط بہت کڑی اور سخت ہیں اور ہم نے تمام شرائط مانی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے عالمی مالیاتی ادارے سے قرضہ ناگزیر تھا، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کب تک ہم مانگتے رہیں گے، بڑے بڑے صنعت کاروں کو ماضی میں 3 ارب ڈالرز دیے گئے، ارب پتی افراد نے بھی 3 سے 4 فیصد سود پر قرض لیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ موقع ملا تو ملتان میں میڈیکل سٹی بنائیں گے، 50 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرینگے ۔
وزیراعظم نے شجاع آباد میں فلائی اوور بنانے کا بھی اعلان کیا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالرز قرض پروگرام منظور کیا اور عالمی مالیاتی ادارے سے پاکستان کو قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی ہے۔
پروگرام کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملنے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے کا پروگرام 9 ماہ کا ہے،3 ارب ڈالر پاکستان کو ملیں گے۔

مزید پڑھیں:  دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کردیاگیا