نواز شریف

نواز شریف کو نااہل کرانیوالوں کے سرغنہ ثاقب نثار تھے، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو لانے والوں سے کہہ دیا تھا جب وہ اپنا مکروہ چہرہ دکھائے گا تو نوازشریف یاد آئے گا، عوام نے موقع دیا تو اگلا وزیراعظم پھر نواز شریف ہوگا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج فیصل آباد میں کافی عرصے کے بعد حاضر ہوا ہوں، خوشی ہوئی فیصل آباد کے عوام کا جذبہ جوان ہے، الیکشن کی آمد آمد ہے، 2018 میں جھرلو چلا، دھاندلی کے ذریعے بہروپیے کامیاب کرائے گئے، ووٹ کی طاقت سے بہروپیوں کو شکست فاش دینی ہے، فضل الرحمان اس مخلوط گورنمنٹ کے قابل احترام لیڈر ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے ساتھ جے یو آئی کا ایک قدرتی رشتہ ہے جو آئندہ بھی چلتا رہے گا، گزشتہ حکومت نے منصوبوں پر ایک اینٹ کا اضافہ نہیں کیا، 4 سال دن رات معاشرے میں زہر گھولتے رہے، بے ڈھنگے اور بھونڈے الزامات لگاتے رہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو جھرلو الیکشن اور دھاندلی کے ذریعے وزیر اعظم بنوایا گیا، راتوں رات آر ٹی ایس بند کیا گیا، پنجاب میں (ن) لیگ کا راستہ روکا گیا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر دن رات چور ڈاکو کی گردان کرتا رہا، وہ کہتا تھا 3 ماہ میں 300 ارب ڈالر پاکستان لے آؤں گا، اس نے کہا مر جاؤں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، آئی ایم ایف معاہدہ کیا اور پھر توڑا گیا، اس نے معاہدہ تڑوانے کیلئے سازش کی، 2 وزرا اعلیٰ کو کہا آپ نے خط جاری نہیں کرنا، آئی ایم ایف معاہدہ توڑنے کا سارا بوجھ ہماری حکومت پر آیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2013 سے 2018 تک ترقی کا سفر تھا، نواز شریف کو بے بنیاد الزامات میں دھکیلا گیا، ثاقب نثار سازشی ٹولے کا سرغنہ تھا، نواز شریف کو سازش کے ذریعے نااہل کرایا گیا، نواز شریف کا نام پاناما میں نہیں تھا، وہ وقت آئے گا جب چیئرمین پی ٹی آئی اپنا مکروہ چہرہ دکھائے گا، پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال دیا، یہ اللہ کی مدد سے ہوا، ڈیفالٹ کا دور دور تک کوئی نشان نہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ جو 201 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں ان پر اضافہ نہیں کیا گیا، اگلا الیکشن ہونے والا ہے، جو حکومت ووٹوں سے اسلام آباد پہنچے گی ہم اس کا احترام کریں گے، ہمیں موقع دیا گیا تو نواز شریف ہمارا وزیر اعظم ہو گا، میں کارکن کی طرح دن رات خدمت کروں گا، خوشحالی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا جس طرح نواز شریف نے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ نواز شریف دور میں مہنگائی کی شرح صرف 3 فیصد تھی، اگلی حکومت ہماری آئی تو جان لڑا دیں گے ملک کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے، کشکول توڑ کر اس کے حصے بنی گالہ کے آس پاس پہنچا دیں گے، یہ جادو ٹونے، موم بتی لال ٹین جلانے سے نہیں ہوگا، پہلے لاکھوں لیپ ٹاپس دیتے تھے، نواز شریف کے دور میں پاکستان میں کروڑوں نوجوانوں کو لیپ ٹاپس دیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ہزاروں ایکڑ زمینوں کو آباد کریں گے، معدنیات سے پورے پاکستان کو فیض یاب کریں گے، یہ نہیں ہو گا 190ملین پاؤنڈ کا فراڈ کرکے قوم کو چور ڈاکو کی طرف لگائے رکھیں، انہوں نے تحائف بیچے اور پیسے جیب میں ڈال لیے، لوٹے ہوئے پیسے دانش سکولوں کو دیتے تو میں ان کو سلام کرتا، یہ 50 ارب روپے پاکستان کے اکاؤنٹ میں کیوں نہیں آئے؟۔

مزید پڑھیں:  اداکار زوہاب خان نے ٹک ٹاکر وانیہ ندیم سے نکاح کرلیا