ورلڈ کپ 2023 کا شیڈول تبدیل

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل

دبئی: بھارت میں ہونے والے آئِی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا نیا شیڈول ردوبدل کے بعد دوبارہ شیئر کر دیا گیا، نئے شیڈول کے مطابق عالمی کپ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا اب 14 اکتوبر کو ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے مابین اس ہائی وولٹیج میچ کو دیکھنے کیلئے دنیا بھر کے شائقین شدت سے انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے نئے شیڈول کے مطابق بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے 8 میچز کی تاریخیں تبدیل کردی گئی ہیں۔ نئے شیڈول کے مطابق پاک بھارت میچ 15 اکتوبر کی بجائے اب 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ 12 کی بجائے 10 اکتوبر کو حیدرآباد جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کا میچ 12 کی بجائے 11 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق 10 اکتوبر کو پہلا میچ انگلینڈ اور بنگلہ دیش جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جائیگا۔ 12 اکتوبر کو واحد میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین جبکہ 13 اکتوبر کو بھی ایک ہی میچ کھیلا جائیگا، اس دن کیویز اور بنگال ٹائیگرز مدمقابل ہونگے۔ 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی، 15 اکتوبر کو انگلینڈ اور افغانی ٹیمیں آمنے سامنے آئِیں گی۔ 11 نومبر کو دو میچز کھیلے جائینگے، پہلا میچ کینگروز اور بنگالی ٹیم جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور برطانوی ٹیموں کے مابین ہوگا، 12 نومبر کو میزبان بھارتی ٹیم اور نیدرلینڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف صف آراء ہونگی۔

مزید پڑھیں:  بھارتی انتخابات، بی جے پی کے مضبوط گڑھ میں کانگریس کی پوزیشن مضبوط