پولیس نے پولیو ڈیوٹی کا بائیکاٹ

ضم اضلاع میں پولیس نے پولیو ڈیوٹی کا بائیکاٹ ختم کر دیا

ویب ڈیسک: ضم شدہ اضلاع کے پولیس افسروں اور پولیس حکام کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے ان اضلاع میں پولیو ڈیوٹی سے بائیکاٹ ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ گزشتہ روز انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان، سی سی پی او اشفاق انور سمیت دیگر پولیس افسران سے ضم شدہ اضلاع کے مختلف رینک کے افسروں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضم شدہ اضلاع کے اہلکاروں نے سروس سٹرکچر اور انضمام سے قبل شہداء کے بچوں کی بھرتی، سابقہ خاصہ داروں کی پنشن کے بارے میں اپنے تحفظات سے آئی جی پی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے سے پہلے لیویز اور خاصہ داروں کے شہداء کے بچوں کی بھرتی کے حوالے سے سفارشات صوبائی حکومت کو بھجوانے اور دیگر معاملات کو حل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی استدعا کی جس پر آئی جی پی نے ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کواٹرز کی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دے دی جو دوران ڈیوٹی لیویز اور خاصہ دار فورس کے شہداء کا ڈیٹا اکٹھا کر کے منظوری کے لئے صوبائی حکومت کو بھجوانے کے علاوہ دیگر معاملات کی بھی جانچ پڑتال کرے گی۔ آئی جی اختر حیات نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی پولیس کے لئے سروس سٹرکچر اور ان کی پروموشن کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور عنقریب اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  ازبک وزیر خارجہ بختیار سیدوف کی اسحاق ڈار سے ملاقات، اہم امور پت تبادلہ خیال