پنڈی بھٹیاں ٹریفک حادثے

پنڈی بھٹیاں: ٹریفک حادثے کی شکار بس میں آتشزدگی سے 18 مسافر جاں بحق

پنڈی بھٹیاں ایم فور کے قریب ٹریفک حادثے کے بعد بس میں آتشزدگی سے 18 مسافر جاں بحق ہو گئے۔
ویب ڈیسک: ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا جبکہ پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی، مسافر کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ اکثر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، 15 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ڈی پی او ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ حادثے میں بس اور پک اپ وین کے ڈرائیور بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں احسان ظفر نے کہا کہ صبح سوا چار بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر کوچ کی ٹکر ہوئی، حادثے کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، دونوں گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئی ہیں۔
گاڑی میں سوار بچ جانے والے مسافر نے بتایا کہ بس کا ڈرائیور رحیم یار خان میں تبدیل ہوا جب کہ پنڈی بھٹیاں ایم 3 پر ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کا پٹرول لیک ہوا۔
انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ نے موٹروے ایم-4 بس حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے متعلقہ این ایچ ایم پی کے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔
حادثے کے بعد آئی جی موٹروے پولیس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر آئی جی موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 15 مسافروں کو زندہ ریسکیو کرلیا ہے، جبکہ حادثے میں اٹھارہ افراد جاں بحق جبکہ 15 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  محنت کش طبقے کےحقوق کاتحفظ کئے بغیر ترقی ناممکن ہے، علی امین گنڈاپور