پشاور، تمام یونیورسٹیوں کے ملازمین کی ڈیپوٹیشن ختم کرنےکا فیصلہ

ویب ڈیسک: صوبہ کی تمام یونیورسٹیوں کے ملازمین کی ڈیپوٹیشن ختم کرنےکا فیصلہ، ڈیپوٹیشن پر جانےوالے تمام یونیورسٹی ملازمین کی واپس طلبی۔
ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے سرکاری یونیورسٹیوں کے ملازمین کی ڈیپوٹیشن ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
مراسلہ میں ڈیپوٹیشن پر جانے والے تمام ملازمین کو طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی ملازمین قواعد وضوابط کے مطابق ڈیپوٹیشن پر دوسرے محکموں میں نہیں جا سکتے۔
یونیورسٹیوں کے ملازمین اس وقت بڑی تعداد میں ڈیپوٹیشن پر دوسرے محکموں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ڈیپوٹیشن پر جانے والے تمام یونیورسٹی ملازمین کو واپس بلایا جائے جبکہ مستقبل میں بھی یونیورسٹی کے کسی ملازم کو دوسرے ادارے میں ڈیپوٹیشن پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے۔
ملازمین کی واپس طلبی کے حوالے سے صوبہ کی تمام یونیورسٹیوں کے وی سیز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  جمرود،علاقہ شاہ کس میں بدبخت بیٹے کے ہاتھوں ماں قتل، مقدمہ درج