شہرلیوسٹن

امریکی شہرلیوسٹن میں مسلح شخص کی فائرنگ، 22افراد ہلاک، متعدد زخمی

امریکی ریاست میئن کے شہرلیوسٹن کے مختلف علاقوں میں مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔
ویب ڈیسک: امریکی میڈیا کے مطابق ریاست میئن کے شہرلیوسٹن میں ملزم نے پہلے بولنگ کلب میں فائرنگ کی جس سے 10افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے بعد ازاں مسلح ملزم نے مقامی بار اور والمارٹ ڈسٹریبوشن سینٹر پر بھی فائرنگ کرکے وہاں موجود لوگو ں کو نشانہ بنایا۔
امریکی میڈیا کے مطابق پولیس نے ملزم کی تصویر جاری کردی ہے جو کہ خودکار رائفل تھامے ہوئے ہے، ملزم کی شناخت رابرٹ کارڈ کے نام سے ہوئی تاہم حملے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملزم کی گرفتاری تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
ادھرحکام کی جانب سے علاقے میں تمام کاروبار بند کرنے کی ہدایت دینے کے علاوہ ریاست کی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق لیوسٹن 37 ہزار آبادی پر مشتمل شہر ہے اور پورٹ لینڈ کے شمال میں واقع ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ پر اسرائیلی جارحیت، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہالا رہررِٹ مستعفی