محکمہ اوقاف کی 70 فیصد سے زائد اراضی پر قابضہ مافیا کا راج

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں لینڈ مافیا اور سرکاری محکموں نے محکمہ اوقاف کی اراضی پر قبضہ جما رکھا ہے جس میں زیادہ تر قبرستانوں کی زمین شامل ہے۔
پشاور کے رحمان بابا قبرستان کے گورکن عثمان نے بتایا کہ قبرستان کی اراضی پر قبضہ اور تجاوزات قائم کرنے کے باعث قبروں کے لیے جگہ کم پڑ رہی ہے کیونکہ قبرستان کی زمین پر قبضہ مافیا کے ساتھ ساتھ سرکاری عماریں قائم ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے آسانی سے قبر کے لیے جگہ مل جاتی تھی پر اب خالی جگہ ڈھونڈنے میں گھنٹے لگ جاتے ہیں۔
محکمہ اوقاف سے حاصل کردہ دستاویز کے مطابق کل 65 ہزار 108 کنال اراضی محکمہ اوقاف کے زیر انتظام ہے جو 8138 ایکڑ یا 13 لاکھ 2 ہزار 57 مرلے بنتی ہے تاہم محکمے کی 50 ہزار کنال اراضی پر مقامی آبادی یا لینڈ مافیا اور مختلف سرکاری محکمے قابض ہیں۔
دستاویز کے مطابق 1 ہزار 451 کنال اراضی پر سرکاری محکمے قابض ہیں جن میں جنگلات، تعلیم، صحت، پبلک ہیلتھ وغیرہ محکمہ جات شامل ہیں۔ اس سلسلے میں جاری ہونے والی دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 134 کنال اراضی پر محکمہ بلدیات نے غیرقانونی قبضہ جمایا ہوا ہے۔ ای آر آر اے 634 کنال، محکمہ پبلک ہیلتھ 20 مرلہ، محکمہ جنگلات 5 مرلہ اور محکمہ صحت 40 سے زائد کنال اراضی پر قابض ہے۔ سب سے زیادہ اراضی پر محکمہ تعلیم قابض ہے جو 640 سے زائد کنال اراضی بنتی ہے۔ دستاویز کے مطابق مقامی لوگوں نے مقبوضہ اراضی پر دکانیں اور مکانات جبکہ سرکاری محکموں نے اراضی پر دفاتروغیرہ قائم کیے ہیں جبکہ 734 کنال اراضی کے تنازعات پر مختلف عدالتوں میں 140 سے زائد مقدمات زیر سماعت ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کا کل رقبہ ایک لاکھ ایک ہزار 741 مربع کلومیٹر ہے جس میں 65 ہزار 108 کنال اراضی محکمہ اوقاف کا ہے۔محکمہ اوقاف سے معلومات تک رسائی درخواست کے تحت حاصل کردہ دستاویز کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران قابضین سے مجموعی طور پر 10 ہزار 808 کنال اراضی واگزار کرائی گئی جس میں سب سے زیادہ 6 ہزار 931 کنال اراضی ضلع مردان میں واگزار کرائی گئی۔
بنوں میں 2 ہزار 246 کنال، ڈی آئی خان میں 1 ہزار 461 کنال، چارسدہ میں 200 کنال اور پشاور میں 150 کنال اراضی قبضہ گروپ سے واگزار کرائی گئی۔

مزید پڑھیں:  ممبئی، افغانستان کی قونصل جنرل ذکیہ وردک سے 25 کلو سونا برآمد