فروغ سیاحت کے تقاضے

خیبرپختونخوا اور سری لنکا کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور تاریخی ورثے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں تعاون کی راہیں تلاش کرنادونوں ملکوں کی سیاحت کے فروغ کے لئے اہمیت کاحامل معاملہ ہے۔پائیدار معاشی ترقی کے لئے سیاحتی شعبے میں بڑی گنجائش موجود ہے اور مل کر کام کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و سیاحتی تبادلوں کوبھی فروغ ملے گا۔ دریں اثناء سری لنکن وزیر ہارین فرنینڈو نے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے میں خیبر پختونخوا کی کوششوں کی تعریف کی اور دونوں خطوں میں سیاحت کے لئے جدید طریقوں اور تکنیکی مہارت کے اشتراک میں دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں ملکوں کو سیاحت کے ماہرین کے تبادلے، مشترکہ مارکیٹنگ کی کوششوں اور خیبر پختونخوا اور سری لنکا کے درمیان بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پر خاص طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔خیبر پختونخوا میں گزشتہ دو ر حکومت میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے جن مساعی کا آغاز کیاگیا تھا اب اس طرح کی توجہ اور اقدامات نظر نہیں آتے صوبے میں سیاحت کا فروغ وقتی ابال نہیں ہونا چاہئے اور نہ ہی حکومت کی تبدیلی کواس پر اثر انداز ہوناچاہئے اس امر کے اعادے کی ضرورت نہیں کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع ہیں یہاں قدرتی مناظر سے لے کر گندھارا اور قدیم تہذیب تک اور اس کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے بھی مواقع موجود ہیں جن پرتوجہ دینے کے ساتھ ساتھ بطور خاص سیاحوں کے لئے سہولیات اور ان کے تحفظ و آمدرفت جیسے بنیادی معاملات کو مربوط انداز میں بہتربنایا جائے تو صوبے میں سیاحت کے فروغ سے آمدن اور روزگار کے مواقع میں اضافہ یقینی ہے۔

مزید پڑھیں:  ''روٹی تھما کر چاقو چھیننے کا وقت''؟