نوتعینات نگران وزیر اعلیٰ سمیت کابینہ اراکین نے حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک: نو تعینات نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے آج باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ آمد پر اعلیٰ حکام نے نگران وزیر اعلی کا استقبال کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق گورنرہاؤس پشاور میں نگران صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران صوبائی کابینہ کے 9 ارکان نے بحیثیت صوبائی وزراء اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔
گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزراء سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ نگران وزیراعلٰی جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔
بحثیت نگران صوبائی وزراء حلف لینے والوں میں سید مسعود شاہ، جسٹس(ر) ارشاد قیصر، احمد رسول بنگش، آصف رفیق، ڈاکٹر نجیب اللہ، ڈاکٹر محمد قاسم جان، انجینئر عامر ندیم درانی، انجینئر احمد جان اور سید عامر عبداللہ شامل ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی نگران صوبائی وزراء کو مبارکباد دینے سمیت نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
تقریب میں چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان گنڈا پور اور انتظامی محکموں کے سربراہان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس، کوہاٹ اور باجوڑ کے امیدوار حلف اٹھائیں گے